بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کو لے کر گزشتہ کئی مہینوں سے قیاس لگائے جا
رہے ہیں کہ وہ این ڈی اے میں واپس آ سکتے ہیں۔ ان کا لالو کے ساتھ مہا گٹھ
بندھن کچھ ٹھیک نہیں چل رہا ہے۔ اب ان قیاس آرائیوں کے درمیان 26 اور 27
مئی کے واقعہ نے اور ہوا دے دی ہے۔ دراصل نتیش کمار نے سونیا گاندھی کے لنچ
کو ٹھکرا دیا جبکہ پی ایم مودی نے آج دوپہر کے کھانے کے لئے بلایا تو وہ
جا رہے ہیں۔
دراصل وزیر اعلی نتیش کمار وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے دی گئی ضیافت
میں شامل ہونے دہلی کے لئے روانہ ہو گئے ہیں۔ پی ایم نے ماریشس کے وزیراعظم
کے اعزاز میں ضیافت کا اہتمام کیا ہے۔ ادھر، اس لنچ کو لے کر اٹھ رہے
سوالوں پر خود نتیش کمار نے کہا کہ اس کا غلط مطلب نہ نکالا جائے۔ میں
ماریشس کے وزیراعظم کے ساتھ دوپہر کے کھانے کے لئے جا رہا ہوں نہ کہ وزیر
اعظم کے ساتھ۔ ماریشس کے وزیراعظم پروند جگن ناتھ بھارت کے تین روزہ دورے
پر جمعہ کو نئی دہلی پہنچ چکے ہیں۔ اس ضیافت میں شامل ہونے کے لئے بہار کے
وزیر اعلی نتیش کمار کو بھی خاص طور پر بلایا گیا ہے۔
ضیافت میں شامل ہونے کے لیے نتیش کمار پٹنہ سے صبح کی فلائٹ سے دہلی روانہ
ہوئے ہیں۔ ماریشس کے وزیر اعظم کا بہار سے خاص لگاؤ رہا ہے ایسے میں اس
ضیافت کو بہار کے نظریہ سے بھی خاص مانا جا رہا ہے۔ معلومات کے مطابق ضیافت
میں شامل ہونے کے بعد نتیش گنگا میں گاد کے مسئلے کو لے کر وزیر اعظم
نریندر مودی کے ساتھ الگ ملاقات کریں گے۔ پی ایم مودی کی طرف سے منعقد یہ
ضیافت نئی دہلی کے حیدرآباد ہاؤس میں ہونی ہے۔